سبزیاں سٹور کرنے کا طریقہ 

مختلف سبزیاں جب موسم ختم ہو جاتا ہے تو بہت مہنگی اور نایاب ہو جاتی ہیں ان کو بھی آپ چاہیں تو فریزر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محفوظ کر سکتی ہیں۔ 

*ان میں ٹماٹر، لیموں، ہرا مسالہ، ادرک، لہسن، پالک کا ساگ، گاجر، مٹر وغیرہ بھی شامل ہیں۔*

 ٹماٹر دھو کر خشک کر لیں پھر ان کو کاٹ کر ہلکا سا ابال لیں (بغیر پانی) یا اگر چاہیں تو یونہی بلینڈر میں ڈال کر پیسٹ بنا لیں اور برف جمانے والی ٹرے میں کیوبز کی شکل میں جمالیں۔ جم جانے کے بعد ان کو ٹرے سے نکال کر تھیلی میں بند کرکے رکھ لیں۔ موسم ختم ہونے یا مہنگے ہونے کی صورت میں آپ کے پاس ٹماٹر کافی مقدار میں جمع ہوں گے۔

لیموں کا رس نکال کر اسی طرح کیوبز کی شکل میں جما کر رکھ لیں پھر چاہیں تو شربت بنائیں یا کھانے میں استعمال کریں۔ 

 اسی طرح ہرا دھنیا، ہری مرچ، پودینہ، ادرک اور لہسن ملا کر بلینڈر میں ڈال کر پیسٹ بنا کر اس کے بھی کیوبز بنا کر رکھ دیں۔

مٹر موسم میں بہت سستے ہو جاتے ہیں انہیں چھیل کر ابلتے پانی میں تھوڑی دیر ابال کر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ پانی نکل جائے ٹھنڈے ہو جانے پر اس کے پیکٹ بنا کر رکھ لیں۔

 پالک کا ساگ بھی آپ محفوظ کر سکتی ہیں۔ چاہیں تو ابال لیں ورنہ کاٹ کر اور دھو کر اچھی طرح پانی نکال دیں اور ایک تھیلی میں ڈال کر رکھ لیں۔ گاجر کو بھی پتلی لمبی قاشیں کاٹ کر ابلتے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔ ایک یا دو ابال آنے پر چھلنی میں ڈال کر خشک کرکے رکھ لیں پھر حسب ضرورت استعمال میں لائیں۔

 *ضروری چیزوں کو محفوظ کرنے کا طریقہ* 

 *یخنی محفوظ کرنے کا طریقہ*

آپ پلائو کے لیے یخنی بنا کر رکھ سکتی ہیں چاہیں تو گوشت الگ اور یخنی الگ الگ ڈبوں میں رکھیں یا پھر ایک ہی ڈبے میں بنا کر ٹھنڈا کر کے فریزر میں رکھ دیں۔ مہمان اچانک یا اطلاع کر کے بھی آ جائیں تو یخنی والا ڈبہ کچھ دیر کے لیے نکال کر گرم پانی میں رکھ دیں۔ صرف بگھارنے اور چاول ڈالنے کی دیر ہوگی، آپ کا پلاؤ تازہ شکل میں تیار ہے۔

 *کباب محفوظ کرنے کا طریقہ*

مختلف قسم کے کباب جن میں شامی کباب تو سر فہرست ہیں اور تقریباً ہر گھر میں تیار رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ چپلی کباب، کچے قیمے کے کباب، آلو کے کٹلٹس وغیرہ بھی تیار کر کے رکھے جاسکتے ہیں۔ چاہیں تو ان کو ہلکا سا فرائی کر کے رکھ لیں۔ بس نکال کر دوبارہ تھوڑا فرائی کرنا ہو گا۔ ورنہ کچے بھی رکھے جا سکتے ہیں لیکن کچے کباب رکھنے کا بھی ایک خاص طریقہ ہے۔ جگہ بھی کم استعمال ہو اور کباب آپس میں چپک بھی نہ سکیں۔ اس کے لیے کباب ٹرے یا کھلے برتن میں رکھنے چاہئیں۔ پہلے ایک تہہ کبابوں کی رکھ دیں اس پر پلاسٹک کی تھیلی بچھا کر دوسری تہہ رکھ دیں۔ اس طرح آپ تین چار تہہ ایک ہی برتن میں رکھ سکتی ہیں جب وہ ٹھنڈے ہو کر سخت ہو جائیں تو ان کو ایک بڑے ڈبہ میں رکھ دیں یا پھر پلاسٹک کی ذرا موٹی تھیلی میں رکھ دیں۔ جب بھی ضرورت پڑے نکال کر تھوڑے سے وقت میں تیار کر سکتی ہیں۔

 *قیمہ محفوظ کرنے کا طریقہ*

قیمہ بھی آپ اکٹھا ایک جگہ زیادہ پکا لیں اور پھر اپنی ضرورت کے مطابق چھوٹے ڈبوں میں ڈال کر رکھ دیں۔ ضرورت کے وقت ایک یا زیادہ ڈبہ نکال کر اس میں چاہیں تو سبزی ڈال لیں۔ مٹر، آلو، پالک اور بینز وغیرہ یا پھر سادہ بھی استعمال کر سکتی ہیں۔ 

اسی طرح گوشت بھی کافی مقدار میں بھون کر ڈبوں میں رکھ لیں اور اسے بھی بعد میں سبزی کے ساتھ یا سادہ استعمال کر لیں۔ اس سے کھانا بالکل تازہ محسوس ہوگا۔